پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ اگر لوگ مجھے گیدڑ کہتے ہیں تو پھر میں ’ گیدڑ ‘ ہی سہی ، میدان چھوڑ کر نہیں بھاگوں گا۔
میں مڈل میں گیدڑ کی طرح ہی دبائو کا سامنا کرنے کو بہترین خیال کرتا ہوں، لیکن ہر کوئی جانتا ہے کہ میدان میں کیا ہوا ہے، سال میں 1700 رنز بنانے کے باوجود انفرادی کھیل پیش کرنے کا الزام درست نہیں، جتنی ہمت ہے اس کے مطابق گرین شرٹس کیلیے کر رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا، لاہور آمد پر میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ مصباح نے کہا کہ 50 اوورز کے میچ میں بیٹسمین 200 سے زیادہ رنز نہیں بنا پا رہے بلکہ پورے اوورز بھی نہیں کھیل پا رہے،کہیں چھ بیٹسمینوں سے10 رنز نہیں بن رہے تو کبھی وہ 36 گیندوں پر42 اسکور کرنے میں بھی ناکام رہتے ہیں، اس طرح کی کارکردگی سے انٹرنیشنل میچز نہیں جیتے جا سکتے۔ دلبرداشتہ کپتان نے کہا کہ جونیئر تو جونیئر سینئر کھلاڑیوں نے بھی جیسا کھیل کھیلا وہ سب نے دیکھا، یقینا سلیکٹرز اور کرکٹ بورڈ نے بھی یہ ضرور دیکھا ہوگا۔