بھارت میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرونگی جس سے بدنامی ہو، یہاں رقص میں مہارت ضروری ہے، مزید دو پروجیکٹ سائن کر لیے
پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے بالی ووڈ فلموں میں بولڈ سین کے ’’ماہر‘‘ عمران ہاشمی کے ساتھ فلم سائن کرنے کے بعد کسی قسم کا عریاں سین پکچرائز کروانے سے انکار کر دیا۔
عمائمہ ملک کو بالی ووڈ کے ایک معروف فلمساز ادارے نے عمران ہاشمی کے مدمقابل فلم میں کام کرنے کی آفر کی تھی جس کی کہانی اور اپنے کردار کے بارے میں معلومات کے بعد انھوں نے فلم سائن کر لی تھی لیکن اس دوران عمائمہ نے فلم میں کوئی بھی بولڈ سین عکسبند نہ کرنے کی شرط عائد کی ہے جس کو فلمساز ادارے نے قبول کرتے ہوئے شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ ایکشن، سسپنس اور رومانوی فلم کی عکسبندی بھارت سمیت یورپ میں کی جائے گی اور شوٹنگ کے ساتھ ساتھ فلم کے گیت بھی مغربی ممالک میں فلمائے جائیں گے۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمائمہ ملک فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ بولڈ سین عکسبند کروائیں گی لیکن اس فلم کو پاکستان میں سنسر کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس سلسلہ میں ممبئی سے فون پر ’’نمائندہ ایکسپریس‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے عمائمہ ملک نے بتایا کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور میں بھارت میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرونگی جس کیوجہ سے پاک وطن کی بدنامی ہو، میں جانتی ہوں کہ عمران ہاشمی نے اپنے کیرئیر میں اب تک جو فلمیں کی ہیں ان میں زیادہ تر بولڈ سین عکسبند کیے گئے ہیں اوران کی وجہ شہرت بھی یہی ہے۔ لیکن اس فلم کی کہانی بالکل منفرد ہے اور میرا کردار بہت جاندارہے۔ جہاں تک بات فلم میں بولڈ سین کی ہے تو اس کے لیے مجھ سے پوچھا گیا تھا مگر میں نے اس کو فلمبند کروانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ میں نے ہمیشہ اپنی مرضی سے کام کیا ہے، کوئی بھی پروجیکٹ سائن کرنے سے قبل اچھی طرح اس کے بارے میں چھان بین کرتی ہوں اور پھر ہی کسی نتیجے پر پہنچتی ہوں۔ اس لیے میں نے فلمساز کو پہلے ہی اپنی شرائط سے آگاہ کر دیا تھا، بلاوجہ کوئی بھی سین عکسبند کروانا میرے بس کی بات نہیں ہے، اگر کہانی کی ڈیمانڈ ہے تو پھر میں اس کو پورا کرنے میں کوئی برائی نہیں سمجھوں گی۔